حیدرآباد،10؍ نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) تلنگانہ میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں سی پی آئی کو تین سیٹ دئیے جانے کے کانگریس کے یکطرفہ اعلان پر بایاں محاذنے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔پارٹی کی ایک ریلیز میں بتایا گیا کہ سی پی آئی کی ریاستی مجلس عاملہ کے اجلاس میں جمعرات کو کانگریس کی طرف سے کئے گئے یکطرفہ اعلان پر عدم اطمینان ظاہر کیا گیا۔اسمبلی انتخابات کے لئے اپوزیشن پارٹیوں کے مہا گٹھ بندھن میں شریک سی پی آئی نے تین سیٹ دیے جانے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اسے پارٹی کے تئیں ناانصافی کہا۔سی پی آئی کے ریاستی سیکرٹری سی وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ ان کی پارٹی نے کم از کم پانچ سیٹوں کے لئے کہا تھا۔صرف تین سیٹ دینا ناانصافی ہے۔وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ان کی پارٹی نے کانگریس کے سینئر لیڈر کے جنا ریڈی کو اپنی شکایت کے بارے میں بتایا ہے جس پر انہوں نے پارٹی اعلی کمان کے سامنے معاملے کو رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔